افغانستان کے معروف کمانڈر احمد شاہ مسعود مرحوم کے بیٹے اور طالبان مخالف شمالی اتحاد کے سربراہ احمد مسعود نے پہلی بار کھل کر پاکستان کے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم خطے میں دہشت گردی پھیلانے کی ذمہ دار ہے اور پاکستان کا موقف بالکل درست ہے۔
احمد مسعود کے مطابق طالبان حکومت نہ صرف تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سرپرستی کر رہی ہے بلکہ تاجکستان میں سرگرم دہشت گرد گروپ ’’انصاراللہ‘‘ کو بھی پناہ اور مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طالبان رجیم کو روکا نہ گیا تو یہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن جائے گی۔
دوسری جانب طالبان حکومت مسلسل انکار کر رہی ہے کہ ٹی ٹی پی افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہے یا اسے افغان طالبان کی حمایت حاصل ہے۔ تاہم پاکستان نے دوحہ اور بعد ازاں استنبول مذاکرات کے دوران ٹھوس شواہد کے ساتھ یہ موقف پیش کیا کہ ٹی ٹی پی افغانستان میں موجود ہے اور وہیں سے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہی ہے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کے انکار سے سرحدی سلامتی کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق احمد مسعود کا حالیہ بیان طالبان حکومت پر بین الاقوامی دباؤ بڑھا سکتا ہے اور خطے میں بدلتے سیاسی توازن پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








