انجلین ملک کی گاڑی سے حادثہ، عوام مشتعل، موبائل فون چھین لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

انجلین ملک
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں اداکارہ انجلین ملک کی گاڑی سے حادثہ ہوا جس کے نتیجے میں عوام مشتعل ہوگئے، اداکارہ کا موبائل فون چھین لیا گیا۔

ہنگامہ ایکسپریس کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ یہ واقعہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں پیش آیا۔ اداکارہ و ماڈل انجلین ملک کی گاڑی سے مبینہ حادثہ پیش آنے کے بعد ہجوم نے انجلین ملک کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ہجوم کا سامنا کیا۔، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ گاڑی میں موجود ہیں اور متعدد افراد نے گاڑی گھیر رکھی ہے۔ ہجوم میں موجود لوگ اداکارہ سے گاڑی سے باہر نکلنے کا مطالبہ کرتے بھی دکھائی دئیے۔

وائرل ویڈیو میں بعض دیگر گاڑیاں بھی اداکارہ انجلین ملک کی گاڑی کے قریب موجود نظر آتی ہیں۔ بعض گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے نظر آئے۔ متعدد افراد اداکارہ کی گاڑی کے گرد جمع ہیں۔ اداکارہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی ہجوم سے گفتگو کرتی نظر آتی ہیں۔

ویڈیو میں متعدد افراد نے اداکارہ سے گاڑی سے باہر آنے کا کہا۔ ایک شخص نے اداکارہ کا موبائل فون بھی اٹھا لیا۔ فون کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے انجلین ملک نے کہا کہ میں بھاگ نہیں رہی، بلکہ یہیں کھڑی ہوں۔ تاہم اداکارہ کو فون واپس نہیں کیاجاتا۔

ہجوم نے اداکارہ سے حادثے سے ہونے والے نقصان کی ادائیگی کا مطالبہ کیا، انجلین ملک نے کہا کہ میرا موبائل فون دے دیں تاکہ میں کسی کو بلالوں، تاہم ہجوم نے مسلسل یہی مطالبہ دہرایا کہ پہلے گاڑی سے نیچے اتریں جبکہ حادثے کی تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ انجلین ملک کی گاڑی سے حادثہ کلفٹن میں پیش آیا۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ اداکارہ انجلین ملک نے بھی حادثے کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے کارساز میں امیر گھرانے کی خاتون نتاشا دانش کی گاڑی سے ہونے والے حادثے کے نتیجے میں باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے۔ حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز پر عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔

Related Posts