آخری میچ میں شاید میں رو پڑوں! کرسٹیانو رونالڈو کا کب ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Ronaldo finally reveals when he’ll retire from football
FILE PHOTO

دنیا کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو نے بالآخر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کا پروفیشنل فٹبال کیریئر اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کے لیے انتہائی مشکل ہوگا لیکن وہ اس کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے ذہنی طور پر تیار ہیں۔

پیرس مورگن کے شو میں دیے گئے انٹرویو کے دوران چالیس سالہ النصر فارورڈ رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔

ان کے بقول جلد ہی میں تیار ہوں گا یہ وقت بہت مشکل ہوگا، لیکن میں نے اپنی زندگی کا اگلا حصہ 25 سال کی عمر سے پلان کرنا شروع کر دیا تھا۔

رونالڈو نے مزید کہا کہ اب وہ اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔میں اپنے لیے، اپنے بچوں کے لیے اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے پرجوش ہوں۔

سابق مانچسٹر یونائیٹڈ اسٹار نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے پرانے کلب کے میچز دیکھتے ہیں حالانکہ تین سال قبل وہاں سے ان کا اختتام ناخوشگوار انداز میں ہوا تھا۔

میں اداس ہوں کیونکہ یہ دنیا کے سب سے بڑے کلبوں میں سے ایک ہے، جسے میں اب بھی دل سے چاہتا ہوں۔ مگر افسوس، وہاں منظم ڈھانچے کی کمی ہے، امید ہے یہ جلد بہتر ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونائیٹڈ کی کارکردگی میں زوال دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کیونکہ پچھلے سیزن میں ٹیم نے تاریخ کی بدترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پندرہویں پوزیشن حاصل کی۔

رونالڈو نے اعتراف کیا کہ ان کا آخری میچ ان کی زندگی کا سب سے جذباتی لمحہ ہوگا۔شاید میں رو پڑوں، میں اس کے لیے 25 سال سے تیار ہو رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہرت اور دولت اب ان کے لیے خوشی کا ذریعہ نہیں۔

دنیا کا پہلا فٹبال بلینیئر بننا شاندار تھا لیکن اب میں صرف کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔

رونالڈو نے اپنی انا سے متعلق الزامات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کہتے ہیں میں مغرور ہوں لیکن اب مجھے پرواہ نہیں۔ میں صرف فٹبال، تربیت اور مقابلے سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔

رونالڈو نے اپنا کیریئر 2002 میں اسپورٹنگ سی پی سے شروع کیا اور ایک سال بعد مانچسٹر یونائیٹڈ میں شمولیت اختیار کی، جہاں انہوں نے متعدد پریمیئر لیگ ٹائٹلز اور یوئیفا چیمپئنز لیگ کا اعزاز جیتا۔

2009 میں وہ ریال میڈرڈ میں منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے 438 میچوں میں 450 گولز کے ساتھ کلب کے تاریخ ساز اسکورر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے اسپین میں اپنے نو سالہ قیام کے دوران چار چیمپئنز لیگ ٹائٹلز اور کئی ملکی اعزازات حاصل کیے۔

بعد ازاں وہ یووینٹس کے لیے کھیلے اور پھر سعودی عرب کے النصر کلب میں شامل ہوئے، جہاں وہ آج بھی کھیل کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثال بنے ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر رونالڈو نے 225 میچوں میں 143 گول اسکور کیے اور پرتگال کو یورو 2016، نیشنز لیگ 2019 اور 2025 میں فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اپنے مجموعی کیریئر میں رونالڈو نے اب تک 952 سرکاری گول اسکور کیے ہیں اور اب وہ ایک نئے ہدف 1000 گولز کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

Related Posts