روس: سرحد سے 1700کلومیٹر اندر کی جانب یوکرینی ڈرون حملے سے متعدد افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

یوکرینی ڈرون
(فوٹو: آن لائن)

روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی ڈرون حملے میں روس کے اندر تقریباً 1700 کلومیٹر فاصلے پر موجود شہر یکاترنبرگ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

مقامی گورنر ڈینس پاسلر نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد متاثرہ عمارت سے 50 رہائشیوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ 9افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں ایک خاتون کو اسپتال داخل کیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کو معمولی نوعیت کے مسائل درپیش ہیں، خاص طور پر دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری، جن کا علاج جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ریسکیو اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں ہنگامی نوعیت کے حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے گئے۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

روسی فضائی حکام کے مطابق حملے کے بعد یکاترنبرگ کے کولتسووو ایئرپورٹ پر عارضی طور پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 127 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

وزارت دفاع کے مطابق یہ ڈرونز کریمیا، تاتارستان، بیلگوروڈ، بریانسک، وورونژ، کالوگا، کرسک، اوریول، سملینسک، روستوف، وولگوگراد، آسٹراخان، سویردلووسک اور چیلیابنسک کے علاقوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ اسود کے اوپر بھی تباہ کیے گئے۔

روسی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین شہری آبادیوں کو نشانہ بنا کر “دہشت گردانہ حکمت عملی” استعمال کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں غیر متعلقہ افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ کریملن کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے باعث امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

Related Posts