صدر ورلڈ میمن آرگنائزیشن سلمان اقبال نے گل پلازہ سانحے سے متأثرہ افراد کو 5 ارب روپے بطور قرض دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب قرض واپس کرسکیں، تب کریں۔
تفصیلات کے مطابق گل پلازہ کے اندوہناک سانحے کے بعد صدر سلمان اقبال نے آتشزدگی سے متأثرہ گل پلازہ کا دورہ کیا، انھوں نے صدر گل پلازہ یونین تنو یرپاستا اور تاجر برادری سے ملاقات کے دوران کہا کہ گل پلازہ متاثرین کو 5 ارب روپے بطورقرضہ دوں گا۔
ملاقات کے دوران سلمان اقبال نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے افسوس اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح سے گل پلازہ متاثرین کےساتھ کھڑا ہوں۔ گل پلازہ سے صرف کراچی نہیں پورے ملک کو معاشی سپورٹ ملتی تھی، تاجرکام کریں اور کاروبار چلائیں۔
صدر ورلڈ میمن آرگنائزیشن نے گل پلازہ کے متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور کہا کہ گل پلازہ صرف کراچی نہیں پورے ملک کیلئے سانحہ ہے، جس کا سامان پورے پاکستان میں جاتا ہے، دکانداروں کے گھر کے اخراجات گل پلازہ سے نکلتے تھے۔
سلمان اقبال نے دکانداروں کو یہاں تک کہا کہ ہم آپ کو 5 سے 6 ارب روپے کا قرض دینے کو تیار ہیں۔ دکاندار دوبارہ اپنا کاروبار شروع کریں اور جب قرض واپس کرسکیں تب کریں، گل پلازہ کی 1200 دکانوں کا مطلب ہے کہ 60 ہزار گھروں کا معاملہ ہے، صدر گل پلازہ یونین تنویر پاستا نے اس اعلان پر سلمان اقبال سے اظہارِ تشکر کیا۔
تنویر پاستا کاکہنا تھا کہ 5 سے 6ارب کے قرض کا اعلان کرنے پر سلمان اقبال کے شکر گزار ہیں۔ پوری کوشش ہوگی کہ سندھ حکومت ہی ہمارے نقصانات کا ازالہ کرے۔ گل پلازہ پر آتشزدگی کے روزِ اوّل سے ہی سلمان اقبال رابطے میں تھے۔ ہمارا دل بڑا ہوگیا کہ ان جیسے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








