سلمان خان کی فلم ”ٹائیگر 3“ نے ایڈوانس بکنگ سے 4.2 کروڑ روپے کما لیے ہیں۔ بالی ووڈ ایکشن فلم کے 56 ہزار ٹکٹس فروخت کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 کی کہانی کے متعلق فلم بین بے حد متجسس نظر آتے ہیں جبکہ فلم میں عمران ہاشمی ولن کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ عمران ہاشمی ولن کے روپ میں ٹائیگر(سلمان خان) کیلئے بہت بڑا مسئلہ بن سکتے ہیں۔
رواں ماہ 12 نومبر کے روز سلمان خان کی نئی فلم ٹائیگر 3 بھارت سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی جس کی ایڈوانس بکنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ایڈوانس بکنگ کی مد میں فلم نے اپنی ریلیز سے قبل ہی 4.2کروڑ روپے کما لیے۔
توقع کی جارہی ہے کہ سلمان خان کی یہ فلم ان کی گزشتہ فلموں کی طرح ہٹ ثابت ہوگی۔ فلمی تجزیہ کار سمت کڈیل کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی فلم باکس آفس پر اپنے کاروبار کے پہلے ہی روز 40 کروڑ کی آمدنی حاصل کرے گی۔
منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ٹائیگر 3 میں سلمان خان اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے جبکہ عمران ہاشمی، رنویر شورے اور ردھی ڈوگرا سمیت دیگر فنکار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








