بالی ووڈ کی چمکتی دھمکتی دنیا میں کچھ کہانیاں ایسی ہوتی ہیں جو فلمی پردے سے باہر بھی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔ ایسی ہی ایک دلچسپ کہانی ہے سپر اسٹار سلمان خان اور سونم کپور کی جنہوں نے فلم پریم رتن دھن پایو میں اپنی کیمسٹری سے ناظرین کے دل جیت لیے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس جوڑی کا اسکرین پر ایک ہونا کتنا مشکل تھا؟
سلمان خان جن کا نام ہی بالی ووڈ میں دھوم مچانے کے لیے کافی ہے اس فلم میں سونم کپور کے ساتھ کام کرنے سے پہلے کافی ہچکچاہٹ کا شکار تھے۔ وجہ؟ سونم کے والد اور سلمان کے دیرینہ دوست انیل کپور، سلمان اور انیل نے بیوی نمبر 1 اور نو انٹری جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور سلمان کے لیے اپنے دوست کی بیٹی کے ساتھ رومانوی کردار ادا کرنا آسان نہ تھا۔
ایک انٹرویو میں سلمان نے خود اعتراف کیا کہ انہیں اس فیصلے کے لیے پانچ ماہ تک سوچنا پڑا۔ ان کا کہنا تھاکہ سورج برجاتیا کی فلموں کا رومانس اپنی الگ ہی رنگت رکھتا ہے لیکن اپنے دوست کی بیٹی کے ساتھ اسکرین پر رومانس کرنا میرے لیے عجیب تھا۔
دوسری جانب سونم کپور اس تجربے کے لیے پوری طرح پرجوش تھیں۔ انہوں نے کہاکہ سلمان کی فلموں کی میں بچپن سے مداح رہی ہوں۔ ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک خواب جیسا تھا۔ مجھے اسکرین پر رومانس کرنے میں کوئی عجیب پن نہیں لگا۔سونم کا کہنا تھا کہ ان کا سلمان کے خاندان سے بھی گہرا رشتہ ہے، اور وہ ان کے والد سلیم خان کو بھی اچھی طرح جانتی ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر سورج برجاتیا نے بھی اس جوڑی کو ایک ساتھ لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم رانجھنا دیکھنے کے بعد انہیں یقین ہو گیا کہ سونم اس کردار کے لیے بہترین انتخاب ہیں لیکن جب انہوں نے سلمان کو سونم کا نام تجویز کیا تو سلمان حیران رہ گئے۔
سورج کے مطابق سلمان خان نے عمر کے فرق اور سونم کی کم عمر دکھائی دینے والی شخصیت کی وجہ سے تحفظات کا اظہار کیا۔ وہ کہتے تھے کہ وہ سونم کو بچپن سے جانتے ہیں تو یہ سب ان کے لیے عجیب ہے لیکن سورج کی ضد اور ان کی فلموں کی رومانوی جادوئی دنیا نے آخر کار سلمان کو قائل کر لیا۔
2015 میں ریلیز ہونے والی پریم رتن دھن پایو نہ صرف اس سال کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی بلکہ راجشری پروڈکشن اور سلمان خان کی چوتھی کامیاب مشترکہ پیشکش بھی تھی۔ اس سے قبل دونوں ‘میں نے پیار کیاکہ ہم آپ کے ہیں کون اور ہم ساتھ ساتھ ہیں جیسی شاندار فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








