اسلام آباد: سوشل میڈیا پر اپنے بیانات کے باعث شہرت پانے والی پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید نے پارٹی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید نے کہا کہ میں پارٹی کے نظرئیے کے مطابق حق اور سچ کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گی۔ اس موقعے پر قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے صنم جاوید کو مبارکباد دی۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صنم جاوید نے کہا کہ پارٹی نے جو عزت دی، اس پر ممنون ہوں، پارٹی کی قیادت نے مشکل وقت میں ساتھ نبھایا ، اس پر شکرگزار ہوں۔ عمر ایوب نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی تمام قیادت آپ کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔
گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ آپ نے پارٹی کے مشکل ترین حالات کا بہادری سے سامنا کیا۔ آپ کے اہلِ خانہ نے بھی 14ماہ تک مشکل وقت برداشت کیا۔ دعا ہے کہ آپ کا مستقبل بہتر ہو۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے صنم جاوید کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا اور رہائی کی درخواست بھی نمٹا دی۔ اس موقعے پر صنم جاوید کے وکیل کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل نے صنم جاوید کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








