سپریم کورٹ نے دوہرے قتل کے مجرم کو بڑا ریلیف دے دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

سپریم کورٹ
(فوٹو: آن لائن)

سپریم کورٹ نے دوہرے قتل کے کیس میں ضعیف العمری کے باعث بڑا ریلیف دیتے ہوئے مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے 76سالہ مجرم محمد ممتاز کو ضعیر العمر اور بوڑھا ہونے کی بنیاد پر سزا میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ قتل کا واقعہ پہلے سے طے شدہ منصوبے کا نتیجہ نہیں تھا۔

کیس کے قانونی پہلوؤں کو دیکھتے ہوئے اپنے ریمارکس میں عدالت نے قرار دیا کہ جس خونی تصادم کا اختتام دوہرے قتل پر ہوا، اس کا آغاز گلی سے مویشی گزارنے کے معمولی تنازعے پر ہوا تھا۔ مجرم کی اہلیہ اور مقتولہ کی ہاتھا پائی ہوگئی تھی۔

دوہرے قتل کے مجرم کے خلاف استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے چوری کے مقدمے کی رنجش میں قتل کا ارتکاب کیا، تاہم سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ مبینہ دشمنی کا کوئی دستاویزی ثبوت سامنے نہیں آسکا۔ خالی خول برآمد نہ ہوسکنے سے آلہ قتل کی برآمدگی غیر اہم ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2015 میں سرگودھا کے علاقے ڈیرہ سودھی مری میں 76سالہ مجرم محمد ممتاز نے فائرنگ کرکے 2 خواتین کی جان لے لی تھی، فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوگیا تھا، جس پر ٹرائل کورٹ نے 2019 میں ملزم کو 2 بار سزائے موت سنائی۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی یہ سزا برقرار رکھی تھی۔

Related Posts