بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 41دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

بلوچستان
(فوٹو: آن لائن)

کوئٹہ: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 2 مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 41دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فورسز نے 29 جنوری کو بلوچستان میں 2 الگ الگ مقامات پر کارروائیاں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ہرنائی ضلع کے نواحی علاقے می کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30خوارج ہلاک ہوگئے، جن کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا جسے موقعے پر تلف کردیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے خلاف دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کرتے ہوئے 11 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔

ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ دوسری کارروائی میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔ اس دوران ہلاک ہونے والے 11 دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بینک ڈکیتی کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔

ماضی میں دہشت گردوں نے یہ رقم 15دسمبر 2025ء کو پنجگور میں بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی تھی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ماضی میں بھی متعدد ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

Related Posts