میزبان اور صحافی فرح یوسف نے آخرکار اپنے شوہر معروف ٹی وی میزبان اقرار الحسن سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
فرح نے اپنے کیریئر کا آغاز اے آر وائی نیوز سے کیا اور بعد میں سما ٹی وی، اب تک اور ڈان نیوز جیسے بڑے میڈیا اداروں کے ساتھ کام کیا۔ وہ اس وقت اپنا ایک کامیاب یوٹیوب چینل چلا رہی ہیں جہاں وہ اپنے خیالات، تجربات اور کرنٹ افیئرز پر تبصرے شیئر کرتی ہیں۔
بعد ازاں فرح نے اینکر پرسن اقرارالحسن سے شادی کی اور ان کی دوسری بیوی بنیں۔ اقرار اپنی تین شادیوں کے باعث بھی جانے جاتے ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اس وقت افواہیں گردش کرنے لگیں جب فرح نے اپنا انسٹاگرام یوزر نیم تبدیل کر کے صرف “فرح یوسف” کر لیا۔ صارفین نے فوراً اس تبدیلی کو علیحدگی کی چہ می گوئیوں سے جوڑ دیا، خاص طور پر جب اقرار کو اپنی دیگر دو بیویوں کے ساتھ وی لاگز اور تصاویر میں زیادہ دیکھا جانے لگا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں فرح یوسف نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی لوگ مجھے فرح اقرار کے نام سے جانتے ہیں، لیکن یوسف میرے والد کا نام ہے اور باپ سے زیادہ خاص رشتہ کوئی نہیں۔ کبھی کبھی دل چاہتا ہے کہ بائیو دوبارہ ‘فرح یوسف’ کر دوں۔ حال ہی میں ایک مداح نے پوچھا کہ کیا میں نے اقرار سے علیحدگی اختیار کر لی ہے کیونکہ میرا نام فرح یوسف دکھائی دے رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے زیادہ تر سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اب بھی ‘یوسف’ لکھا ہے کیونکہ وہ پرانے اور ویریفائیڈ ہیں۔ نام بدلنے سے ویریفیکیشن متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے میں نے وہی رکھا ہے۔ دونوں نام میرے ہیں اور دونوں میرے لیے بہت عزیز ہیں۔ کچھ ذاتی وجوہات ہیں جن کی بنا پر میں یوسف لکھتی ہوں۔ ہم میں کوئی علیحدگی نہیں۔
فرح کے اس بیان نے افواہوں کا سلسلہ ختم کر دیا ہے اور یہ واضح کر دیا کہ ان کے نام کی تبدیلی کا اقرارالحسن سے کسی ذاتی اختلاف یا علیحدگی سے کوئی تعلق نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








