بیجنگ: چین کے شمال مشرقی صوبے کے ایک بازار میں چاقو بردار نوجوان نے پے در پے حملے کے 7 افراد کو ہلاک جبکہ درجن سے زیادہ افراد کو زخمی کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے انہوئی کے شہر انقنگ میں 25 سالہ نوجوان نے ایک بازار میں خریداروں اور راہگیروں پر چاقو کے وار کیے۔ چاقو بردار نوجوان کے حملے میں 7 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے تعاقب کے بعد 25 سالہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے تاہم ابتدائی طور پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نوجوان نے بیروزگاری سے پریشان ہوکر غصے میں آکر شہریوں پر حملے کیے ہیں۔
چین میں عمومی طور پر اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں اس لیے عام شہریوں کی اسلحے کی خریداری ممکن نہیں۔ اسلحہ نہ ہونے کے باعث جرائم پیشہ افراد چاقو یا چھری کا استعمال کرتے ہیں۔
چین میں پرتشدد جرائم نسبتاً شاذونادر ہی ہے ، لیکن حالیہ برسوں میں چین میں بھی چاقو سے حملوں کے متواتر کیس دیکھنے آئے ہیں۔
ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ حملہ ایک اسکول کے باہر سے شروع ہوا تھا حملے آور نے زیادہ تر بڑی عمر کی خواتین پر حملے کیے تھے۔ اور زخمی ہونے والے بھی زیادہ تر خواتین ہی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں چین کے ایک نرسری اسکول میں چاقو بردار نوجوان نے حملہ کرکے دو بچوں کو قتل اور 16 کو شدید زخمی کر دیا تھا۔