پنجاب اسمبلی میں شدید بد نظمی، تشدد سے پرویز الہٰی زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

پنجاب اسمبلی میں شدید بد نظمی، تشدد سے پرویز الہٰی زخمی
پنجاب اسمبلی میں شدید بد نظمی، تشدد سے پرویز الہٰی زخمی

لاہور: پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور شدید بد نظمی کے باعث متعدد ارکان اسمبلی زخمی ہوگئے، مسلم لیگ ق کے رہنماء اور وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی بھی پرتشدد ہنگامہ آرائی کی زد میں آگئے اور زخمی ہوگئے۔

پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران ق لیگ کے رہنماء چوہدری پرویز الہٰی کو ایوان سے باہر نکال لیا گیا،پنجاب اسمبلی میں شدید بدنظمی، پولیس اور حکومتی ارکان میں ہاتھا پائی، ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ میرا بازو ٹوٹ گیا ہے اور سینے پر بھی چوٹیں آئی ہیں، اپوزیشن نے اپنے غنڈے بلائے ہیں، پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ شریفوں کا اصل چہرہ سب نے دیکھ لیا ہے، سارے معاملے میں آئی جی پنجاب ملوث ہیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ میں کہاں جاؤں، میرے لیے کوئی عدالت نہیں ہے، میں نے معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، از خود نوٹس ان کے لیے لیا جاتا ہے جن کی کوئی سفارش ہو، یہ شریفوں کی جمہوریت ہے۔

پرویز الٰہی نے الزام لگایا کہ مجھ پر حملہ کروا کر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی،میں نے دیکھا کہ رانا مشہور مجھ پر تشدد کررہے تھے اور حمزہ دور سے بیٹھے انہیں ہدایات دے رہے تھے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور قائد ن لیگ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ غنڈہ گرد اور سڑک چھاپ پی ٹی آئی کا جڑ سے خاتمہ ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے، یہ کلچر کسی طرح بھی ملک و قوم کے لیے اچھا نہیں بلکہ تباہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا فوری سدباب اور خاتمہ ضروری ہے، پنجاب کے عوام ان کے چہرے پہچان لیں۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنا چاہے پھڑپھڑا لو، پنجاب کا حق پنجاب کے عوام کو آج انشاء اللہ مل کر رہے گا، وہ ترقی جو 2018 میں ان سے چھین لی گئی تھی، وہ پنجاب واپس لے کر رہے گا۔

مزید پڑھیں: پولیس کا پنجاب اسمبلی کے اندر آپریشن،متعدد حکومتی ارکان گرفتار

دوسری جانب واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامی آرائی کے باعث پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا ہے، جبکہ متعدد ارکان کو حراست میں لے لیاگیا ہے۔

Related Posts