لاہور کے علاقے مصری شاہ میں دکان کے باہر کھڑی ایک 12 سالہ بچی کو ہراساں کرنے والے شخص کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ متاثرہ بچی اپنے والد کے لیے دوا خریدنے گئی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع 15 ہیلپ لائن پر دی گئی جس پر مصری شاہ تھانے کی ٹیم نے بروقت پہنچ کر کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے پاس موجود سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم بچی سے مصافحہ کرنے کے بہانے نازیبا حرکات کرتا ہے اور پھر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
ویڈیو بشکریہ ایکسپریس نیوز
ایس پی سٹی بلال احمد نے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی نے ایس ایچ او علی زیب دستگیر اور ان کی ٹیم کو بروقت ایکشن پر سراہا۔
ایس پی بلال احمد کا کہنا تھا کہ بچوں کو ہراساں کرنا ناقابل برداشت جرم ہے اور ایسے عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بچیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








