اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے جس کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں سابق وزیر شفقت محمود نے کہا کہ بہت سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔نہ میں نے یہ فیصلہ کسی دباؤ کے باعث کیا اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کروں گا۔
سابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ آج سے 34سال قبل سرکاری ملازمت سے مستعفی ہو کر سیاست کی دنیا میں قدم رکھا، اپنی باقی عمر تحریر اور درس و تدریس کیلئے وقف کرنے کی خواہش ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے کہا کہ سیاست سے علیحدگی کے اعلان کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضوں سے ہے۔ میں سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنے کا کہنے والوں سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز کا سامنا کیا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا رکن، وفاقی اورصوبائی وزیر رہا ہوں، جیل بھی گیا، مجھے اطمینان ہے کہ میں نے اپنی ساری ذمہ داریاں بہت دیانت داری سے نبھائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








