کراچی: وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان پر توشہ خانہ سے لی گئی گھڑیوں کی فروخت کے الزام کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے توشہ خانہ میں جیب کتروں والا کام کیا۔
عدالت کا شرجیل میمن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
بیان میں وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ سے لی گئی گھڑیوں کی فروخت کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جانی چاہئے۔ آج بھی نیب اور ایف آئی اے عمران خان کو ریلیف دے رہا ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو کچھ نہ کہنا سوالیہ نشان ہے، کیا وجہ ہے کہ عمران خان کو ہاتھ لگانے والا کوئی نہیں۔ کیا ایک بار بھی پرویز الٰہی نے کہا کہ جو نام ایف آئی آر کیلئے دئیے گئے، وہ درست ہیں؟
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراطلاعات سندھ کو بڑا ریلیف مل گیا، سندھ ہائیکورٹ نے نظرِ ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن اور دیگر کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن کے کیس میں جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے نظر ثانی کی درخواست پر فیصلہ اکتوبر کے آغاز میں سنادیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








