کویت سٹی: کویتی کابینہ نے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کردیا۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملکی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے تین دن تعطیل اور 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
نائب وزیر اعظم اور کابینہ امور کے وزیر مملکت عیسیٰ الکندیری نے اعلان کیا کہ ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح ریاست کویت کے نئے امیر ہونگے۔
امیر کویت کے انتقال کے بعد کابینہ کے غیر معمولی اجلاس میں مرحوم امیر کے لیے سوگ کا اظہار اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کویت کے امیر شیخ نواف ال احمد الصباح ہفتہ کو علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ اتوار 17 دسمبر کو مقامی وقت صبح 9 بجے (پاکستانی صبح 11 بجے) بلال بن رباح مسجد میں ادا کی جائے گی۔
عیسیٰ الکندیری کاکہنا تھا کہ شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر ملک کے تمام سرکاری ادارے تین دن بند رہیں گے۔ تین روزہ تعطیل کل اتوار سے شروع ہوگی اور منگل 19 دسمبر کو ختم ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








