راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سامان باندھ رہی ہے، انٹرویوز شروع ہوگئے، ٹیکنوکریٹ حکومت 20ستمبر تک آسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھ پر 14 کیسز ہیں مگر چالان نہیں ملے، پولیس نے 10 لاکھ لے کر 9 مئی مقدمات میں نام ڈال دئیے۔ میرا وزن 40 کلو تک کم ہوگیا ہے۔
گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ پولیس ہماری خواتین کے زیور، میری گھڑیاں اور جوتے تک لے گئی۔ میری آرمی چیف سے عام معافی کا اعلان کرنے کی اپیل ہے۔ ہمارے کیسز میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی آئے مگر ہم نے مخالفانہ بیان نہیں دیا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 31 اگست بہت اہم تاریخ ہے، موجودہ حکومت سامان باندھ رہی ہے، میں 31 اگست سے فعال ہورہا ہوں، 20 ستمبر تک ٹیکنوکریٹ حکومت آسکتی ہے جس کیلئے انٹرویوز کا آغاز ہوچکا ہے، جو ہونے جارہا ہے وہ بہت برا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن جیتنے والے پلاننگ سے جیت گئے، میرے ووٹ نکال لیے گئے، میں ہارا ہوں اور شکست تسلیم کرتا ہوں۔ نہ شہباز شریف کے پاس کچھ ہے نہ کوئی ان کی سنتا ہے۔ وہ لیٹ چکے مگر نواز شریف کسی کو ایکسٹینشن نہیں دے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








