کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم ریلیز پالیسی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹ میں گندم کی مناسب فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں استحکام قائم رکھا جا سکے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت محمد بخش مہر، وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت سندھ میں ایک اعشاریہ دو ملین ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کے پاس مزید چھ لاکھ ٹن گندم موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ ذخیرہ آئندہ ساڑھے چار ماہ کے لیے کافی ہے اور اس دوران نئی فصل بھی مارکیٹ میں آجائے گی۔
کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کا احتجاج، شہر کی 8 مرکزی شاہراہیں بند، ٹریفک جام
مراد علی شاہ نے وزیر خوراک کو ہدایت دی کہ ایک جامع گندم ریلیز پالیسی جلد از جلد تیار کی جائے اور اس ہفتے کے اندر اس کی منظوری کے ساتھ ساتھ قیمت بھی مقرر کی جائے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عام طور پر ہر ماہ مارکیٹ میں ڈھائی لاکھ ٹن گندم جاری کی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے صوبائی حکومت چھبیس ایکڑ یا اس سے کم زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کاشتکاروں کو ایک بیگ ڈی اے پی اور دو بیگ یوریا کھاد دی جا رہی ہے تاکہ بہتر اور بھرپور پیداوار حاصل کی جا سکے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ایک معاون قیمت بھی مقرر کریں گے تاکہ کسانوں کو مزید حوصلہ ملے اور صوبے میں گندم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








