کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے این سی او سی کے اجلاس میں صوبہ سندھ کے محکمہ تعلیم کے حوالے سے موقف اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے بعد صورتحال بہت حد تک بہتر ہے،اب تک نجی اور سرکاری اسکولز میں 56 ہزار 299 ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے 40150 کے نتائج موصول ہوچکے ہیں۔
سرکاری اسکولز کے 40 ہزار 414 میں سے 27 ہزار 933 کے نتائج آچکے ہیں جن میں سے217 مثبت کیسز ہیں۔اب بھی 15 ہزار 846 کے نتائج آنا باقی ہیں۔
سعیدغنی نے کہا ہے کہ نجی اسکولز کے 15 ہزار 885 میں سے12 ہزار 217 کیسز کے نتائج آچکے ہیں جن میں 86 کے نتائج مثبت آئے ہیں،اب تک 303 مثبت کیسز آئے ہیں جو 0.75 فیصد بنتا ہے۔
اس وقت صوبے میں کورونا کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد اطمینان بخش ہے،مجھ سمیت سیکرٹری اور دیگر افسران روزانہ کی بنیادوں پر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کررہے ہیں اور صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر تعلیمی اداروں میں صورتحال بہتر ہے،ہماری زیادہ سے زیادہ توجہ والدین کو اس حوالے سے آگاہی کی فراہمی ہے،ہم نے والدین سے کہا ہے کہ وہ خود بھی اسکولوں میں جائیں اور خود اسکولز اور کلاس رومز کا وزٹ کریں۔