اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتاری جلسے کیلئے شہرِ اقتدار میں داخلے کے وقت عمل میں لائی گئی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر حسن محمود کو تحریکِ انصاف کے جلسے میں شرکت کیلئے اسلام آباد میں داخلے کے وقت حراست میں لیا گیا ہے۔ حسن محمود کو تھانہ سنگجانی منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن محمود کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد کی سنگجانی جلسہ گاہ پہنچنے کیلئے جارہے تھے، پولیس نے ڈاکٹر حسن محمود کو حراست میں لے لیا۔ جلسہ آج سہ پہر 4بجے ہونے کی توقع ہے۔
قبل ازیں سنگجانی اسلام آباد میں جلسے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔ جلسے کیلئے اسٹیج تیار کرکے کرسیاں بھی لگائی گئیں۔ تحریکِ انصاف کے کارکنان کی قافلوں کی صورت میں جلسہ گاہ آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے شہرِ اقتدار اور جڑواں شہر راولپندی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستے کنٹینرز لگا کر اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کردئیے ہیں۔ راولپنڈی اسلام آباد کے شہری محصور ہو کر رہ گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








