اسٹیٹ بینک کا ٹیکس اور ڈیوٹیز کی وصولی کیلئے ہفتہ اور اتوار کو بھی بینک کھولنے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

اسٹیٹ بینک
(فوٹو: آن لائن)

ملک بھر کے ٹیکس دہندگان کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر، یعنی ہفتہ اور اتوار کے دن، مخصوص کمرشل بینکوں کی منتخب شاخیں کھلی رکھی جائیں گی تاکہ سرکاری محصولات اور ٹیکسز کی اوور دی کاؤنٹر (او ٹی سی) ادائیگیوں کی بروقت وصولی ممکن بنائی جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ایکسٹرنل کمیونیکیشنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر اٹھایا گیا ہے، تاکہ مالی سال کے اہم مرحلے پر ٹیکس دہندگان کو ادائیگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اعلامیے کے مطابق تمام کمرشل بینکوں کی وہ برانچز جو معمول کے مطابق ہفتے کے روز کام کرتی ہیں، جن میں نیشنل بینک آف پاکستان کی کسٹمز کلیکشن انجام دینے والی شاخیں بھی شامل ہیں، ہفتہ 23 مئی اور اتوار 24 مئی 2026 کو صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک صارفین کیلئے کھلی رہیں گی۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے تمام متعلقہ بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اتوار 24 مئی 2026 کو این آئی ایف ٹی کے ذریعے سرکاری لین دین سے متعلق ’اسپیشل کلیئرنگ‘ کے عمل کی تکمیل تک اپنی متعلقہ برانچز کو فعال رکھیں تاکہ ادائیگیوں کا نظام بلا رکاوٹ جاری رہے۔

ٹیکس دہندگان کی آسانی کیلئے  یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ آن لائن ادائیگی کے تمام ذرائع، بشمول انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپس، اے ٹی ایمز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مکمل طور پر فعال رہیں تاکہ آن لائن ٹیکس جمع کروانے والوں کو کسی تکنیکی یا انتظامی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Related Posts