بنوں ریجن میں تمام دہشت گرد حملے ناکام بنا دئیے گئے ہیں، آر پی او بنوں نے بیان جاری کرتے ہوئے چشم کشا رپورٹ کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق بنوں ریجن میں دہشت گردی اور پولیس آپریشنز کی رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق بنوں ریجن میں 28 اگست 2025 سے اب تک ہونے والے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا گیا، ریجن میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی نگرانی آر پی او سجاد خان نے کی۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کی سرگرمیوں سے متعلق یہ انکشاف سامنے آیا کہ بنوں ریجن میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس تھانوں اور چوکیوں پر 10 حملوں کی کوششیں کی گئیں، جنہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکام بنایا۔ پولیس تھانوں اور چوکیوں پر 130سے زائد بار ڈرون حملوں کی کوششیں ہوئیں۔
دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران گزشتہ 7روز میں 14انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ 22 شدت پسند زخمی ہوئے۔ آر پی او بنوں سجاد خان کا کہنا ہے کہ بنوں کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ شدت پسندوں نے تھانوں اور چوکیوں کو متعدد حملوں میں نشانہ بنایا۔
گفتگو کے دوران آر پی او نے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا نے بنوں ریجن کو بھرپور وسائل کی فراہمی کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا ہے، تھانوں میں بلٹ پروف گیٹس اور ڈبل وال سسٹم بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا مقابلہ کیاجاسکے۔
انہوں نے کہا ہ بنوں ریجن جدید اسلحے سے لیس ہے، دہشت گردوں کے بڑے حملے جدید وسائل کی مدد سے ناکام بنائے گئے۔ عوام نے بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں بھرپور ساتھ دیا۔ دہشت گردوں کے ڈرون حملوں کو بھی جدید وسائل کے ذریعے ہی ناکام بنایا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








