ملک کی سرحدوں کے محافظوں، شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے آج پاکستان بھر میں یومِ دفاع و شہداء انتہائی عقیدت، احترام اور جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ہر سال 6 ستمبر کو ان جانباز سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یومِ دفاع کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا جس کے ذریعے اس دن کی اہمیت اور شہداء کو سلام پیش کیا گیا۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر ایئر وائس مارشل شہریار خان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے گارڈز کے فرائض انجام دیئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ میں اتحاد، قربانی اور ناقابلِ شکست حوصلے کا استعارہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 1965 کا جذبہ آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہے اور حالیہ چیلنجز میں قوم اور مسلح افواج نے مل کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیرِاعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی قیادت نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف اور ایئر چیف نے بھی 1965 کی جنگ کے شہداء کو سلام پیش کیا اور اُن کی قربانیوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے جب بہادر جوانوں نے قوم کی پشت پر کھڑے ہو کر دشمن کی جارحیت کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر دور میں دشمن کی عددی برتری اور جدید ہتھیاروں کے باوجود سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہیں۔ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اس موقع پر شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج ہر میدان میں دشمن کی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور کردار ادا کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








