پنجابی موسیقی کی خوبصورت آوازہمیشہ کیلئے خاموش! 35 سالہ راجویر جوانڈا جہاں فانی سے رخصت

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجابی موسیقی اور فلمی دنیا کا ایک اور درخشاں ستارہ بجھ گیا۔ معروف گلوکار اور اداکار راجویر جوانڈا سڑک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے 12 روز بعد بدھ کے روز انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 35 سال تھی۔

حادثہ 27 ستمبر 2025 کو ہماچل پردیش کے علاقے بڈی کے قریب پیش آیا جب وہ موٹر سائیکل پر شملہ جارہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق اچانک سڑک پر آجانے والے جانوروں سے بچنے کی کوشش میں راجویر کا توازن بگڑگیا اور وہ شدید حادثے کا شکار ہوگئے۔

تصادم کے نتیجے میں انہیں سر اور ریڑھ کی ہڈی پر گہری چوٹیں آئیں۔ ابتدائی طور پر انہیں سولن کے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے مبینہ طور پر دل کا دورہ بھی برداشت کیا بعد ازاں علاج کیلئے انہیں موہالی کے فورٹس اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ 12 روز تک وینٹی لیٹر پر زندگی اور موت کی جنگ لڑتے رہے مگر جانبر نہ ہوسکے۔

راجویر جوانڈا موہالی کے سیکٹر71میں مقیم تھے اور پنجابی میوزک انڈسٹری میں اپنی مقبولیت کی بلندیوں پر فائز تھے۔ ان کے مشہور گانوں میں سر داری، کملہ، میرا دل، اور سرنیم شامل ہیں۔

فلمی میدان میں بھی ان کا سفر کامیاب رہا جن میں جند جان، مِندو تحصیلدارنی اور کا کا جی جیسی فلموں میں ان کے کردار قابل ذکر ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Hindustan Times (@hindustantimes)

راجویر جوانڈا نے 2014 میں اپنے کیریئر کا آغاز گانے منڈا لائیک می سے کیا تھا۔ ان کی آواز میں پنجابیت کی جھلک اور روایتی فخر ہمیشہ نمایاں رہا جس نے انہیں عوام میں جلدی مقبول بنا دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ راجویر ابتدا میں پولیس افسر بننا چاہتے تھے مگر بعد میں انہوں نے اپنے دل کی آواز سنی اور موسیقی کو اپنا پیشہ بنا لیا۔

راجویر شادی شدہ تھے اور ان کے دو بچے بھی ہیں تاہم ان کے اہلِ خانہ کی ذاتی معلومات عوامی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔

ان کی اچانک موت سے پنجابی شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر مداح ان کی یاد میں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

Related Posts