گولی امیتابھ کے کان کو چھو کر گزری! وہ خوفناک لمحہ جب دھرمیندر نے بگ بی پر فائر کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے مشہور اور یادگار فلم شعلے کی شوٹنگ کے دوران ایک ایسا ہولناک واقعہ پیش آیا تھا جس نے پوری ٹیم کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ فلم کے کلائمکس سین کی عکس بندی کے دوران دھرمندر سے غلطی سے اصلی گولی چل گئی جو امیتابھ بچن کے کان کے انتہائی قریب سے گزر گئی۔ اگر گولی ذرا سی بھی سمت بدل لیتی تو بھارتی سینما کی تاریخ ہمیشہ کے لیے بدل سکتی تھی۔

اس سنسنی خیز واقعے کا انکشاف فلم کے ہدایتکار رمیش سپی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ ان کے مطابق اس منظر میں دھرمندر کو صرف بندوق لوڈ کرنی تھی فائر کرنے کی ہدایت نہیں دی گئی تھی تاہم جذبات میں آ کر انہوں نے بندوق چلا دی۔

رمیش سپی کے مطابق اس وقت امیتابھ بچن چٹان کے کنارے کھڑے تھے اور گولی ان کے کان کے قریب سے گزری۔ واقعے کے فوراً بعد سیٹ پر موجود ایکشن کیمرہ مین جم ایلن شدید غصے میں آ گئے اور انہوں نے شوٹنگ جاری رکھنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس طرح کی غیر ذمہ داری جاری رہی تو کسی بڑے حادثے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اس دن کی شوٹنگ منسوخ کر دی گئی۔ بعد ازاں دھرمندر نے نہ صرف امیتابھ بچن بلکہ کیمرہ مین جم ایلن سے بھی معذرت کی۔ سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کے بعد ہی فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی گئی۔ رمیش سپی نے واضح کیا کہ یہ واقعہ مکمل طور پر غیر ارادی تھا اور اس میں کسی قسم کی بدنیتی شامل نہیں تھی۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب فلم شعلے کو جدید 4 کے ریزولوشن میں دوبارہ سنیما گھروں میں پیش کیا جا رہا ہے جس میں اصل کلائمکس کو بھی بحال کر دیا گیا ہے۔ فلم میں دھرمندر، امیتابھ بچن، سنجیو کمار، امجد خان، ہیما مالنی اور جیا بچن کی اداکاری آج بھی ناظرین کے دلوں پر راج کرتی ہے۔

یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ شاندار ایکشن اور یادگار مناظر کے پیچھے کتنے حقیقی اور جان لیوا خطرات چھپے ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور شعلے آج بھی بالی ووڈ کی ایک لازوال لیجنڈ سمجھی جاتی ہے۔

Related Posts