سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں تحریکِ انصاف کے کارکنان اور مشتعل افراد نے احتجاج کیا، گزشتہ روز کراچی میں نذرِ آتش کی گئی گاڑیوں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
مشتعل افراد نے گزشتہ روز کراچی میں شدید ہنگامہ آرائی کی اور گاڑیوں کو جلایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کے روز 1 پیپلز بس سروس اور 2 واٹر ٹینکرز کو نذرِ آتش کیا گیا تھا۔
نامعلوم افراد نے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ کو آگ لگا دی
کراچی پولیس کے بیان کے مطابق کراچی میں 24 سے زائد موٹر سائیکلز اور شارعِ فیصل پر پولیس کی قیدی وین کو بھی نذرِ آتش کردیا گیا۔ مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف اشتعال آمیز واقعات کے دوران ایک ڈی ایس پی، ایک ایس پی اور 10 سے زائد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ہنگامہ آرائی کے باعث علی زیدی سمیت دیگر پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نامعلوم افراد نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع حکمراں سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دروازے کو آگ لگا دی، ن لیگ نے واقعے کی مذمت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








