وفاقی وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت درخواست دہندگان کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا۔ فیصلہ حالیہ سیلاب کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
وزارت کے حکام کے مطابق رجسٹریشن کا عمل سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری رہے گا اور اب یہ 8 ستمبر کی سابقہ ڈیڈ لائن کے بعد بھی ممکن ہوگا۔
تاحال 21 ہزار سے زائد افراد کامیابی سے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان افراد کو ترجیح دیں جنہوں نے گزشتہ سال تمام مراحل مکمل کرنے کے باوجود حج کی سعادت حاصل نہیں کر پائی۔
مزید یہ کہ اگر کسی آپریٹر کے پاس کوٹہ بچ جاتا ہے تو وہ نئی درخواستیں بھی وصول کر سکتے ہیں۔
ایسے افراد جنہوں نے پچھلے سال رقم جمع کروائی تھی لیکن سفر نہ کر سکے انہیں 2025 میں اضافی چارجز کے بغیر حج کی اجازت دی جائے گی اور پرائیویٹ آپریٹرز انہیں پہلے سے طے شدہ نرخوں پر سہولت فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
حکومتی فیصلے کے تحت وہ افراد جنہوں نے پچھلے سال رقم واپس لے لی تھی وہ پرانے پیکیج کی شرائط سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








