کراچی:سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ 27فروری سے شروع ہونے والالانگ مارچ تاریخی مارچ ہوگا، مہنگائی کے پسے عوام بھی اس لانگ مارچ میں شامل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جیسے ہی لانگ مارچ کے لیے پہلا قدم اٹھائیں گے عمران خان کی پہلی سیڑھی گرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن وزیراطلاعات سندھ سعید غنی، معاون خصوصی اور پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقارمہدی اور صدر پیپلز یوتھ سندھ کے صدر جاوید نایاب لغاری سمیت دیگررہنما احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔
وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی جیالوں نے آج عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کے لیے اکٹھا ہوئے ہیں۔گیس، پٹرول، بجلی کی قیمتوں پر پیپلز پارٹی ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہے،27 فروری کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مزار قائد سے لانگ مارچ نکالیں گے۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے پسے عوام بھی اس لانگ مارچ میں شامل ہونگے، وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ مجھے یقین ہے اسلام آباد پہنچنے سے قبل ہی عمران خان گھر چلا جائے گا، یہ لانگ مارچ تاریخی مارچ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہیں گے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ کہا کہ یہ احتجاجی مظاہرہ لانگ مارچ کی تیاریوں کا حصہ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے 27 فروری کو حکومت مخالف تحریک کے لیے لانگ مارچ نکالیں گے۔
مزید پڑھیں: جیالوں اور متوالوں کی ملاقات چوریوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش تھی، فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








