اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ادراک ہے، اس مسئلے پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔
منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، مراد سعید، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اجلاس کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبہ سندھ اور کراچی کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ جامع پلان کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔?گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم نے وفاق اور اس کے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے۔ اس وقت درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جائیں گے۔