لاہور: علمائے کرام کے 9رُکنی وفد کی کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی سے ملاقات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سرکاری وفد کی سربراہی پنجاب قرآن بورڈ کے سربراہ حامد رضا نے کی، وفد نے موجودہ صورتحال پر مفاہمت کے حوالے سے بات چیت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد رضوی سے ہونے والی ملاقا ت میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سمیت 9ارکان بھی وفد میں شامل تھے۔
واضح رہے کہ امیر کالعدم تحریک لبیک سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے جبکہ گزشتہ دو روز سے لاہور میں ٹی ایل پی کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے نواں کوٹ تھانے پر حملہ کیا جس کے جواب میں پولیس نے کارروائی کی جبکہ لاہور میں کشیدگی کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے آج ملک بھر میں ہڑتا ل کی جارہی ہے تاہم حکومت نے اب مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے علماء کی مدد حاصل کرلی ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور ودیگر اہم وزرا ء علماء کرام کیساتھ ملکر مذہبی جماعتوں کے ساتھ بات چیت شروع کرینگے اور اس حوالے سے پس پردہ بھی رابطے ہورہے ہیں۔