راولپنڈی: عسکری قیادت نے کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں بھارت کی جانب سے میزائل فائر کرنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دنیا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے بھارت کی طرف سے خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں گرنے والے میزائل کے حالیہ واقعہ کو حادثاتی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اہم عالمی، علاقائی پیشرفت، ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال، مغربی سرحدوں پر پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
شرکاء کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بھارتی میزائل سے بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔ عالمی فورمز کوبھارتی ہتھیاروں کی سکیورٹی پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے، ایسے خطرناک واقعات خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔غلطی کے بھارتی اعتراف کے باوجود متعلقہ بین الاقوامی فورمز کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور مشن پر مبنی تربیت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: چینی ناظم الامورکی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








