پاکستان میں دہشتگردی کروانا چاہتے تھے مگر! 3 بھارتی جاسوس قانون کے شکنجے میں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک کامیاب انٹیلی جنس آپریشن میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مبینہ طور پر انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور مختلف حربوں کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مبینہ نیٹ ورک کی جانب سے ہنی ٹریپ جیسی حکمت عملی استعمال کی گئی جس میں سوشل میڈیا پر جعلی شناختوں اور مالی لالچ کے ذریعے افراد کو رابطے میں لایا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بعض افراد کے رابطے میں تھے جن کا تعلق مبینہ طور پر بھارتی نیٹ ورک سے جوڑا جا رہا ہے۔ انہیں رقم کی ادائیگی مختلف ذرائع جیسے بینک اکاؤنٹس، ایزی پیسہ اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جاتی تھی۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور ایسے کیسز میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے نیٹ ورکس میں شہریوں کو جذباتی اور مالی طور پر بہلا کر استعمال کرنے کی کوششیں پہلے بھی سامنے آ چکی ہیں جن کا مقصد حساس معلومات تک رسائی حاصل کرنا ہوتا ہے۔

حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر معروف یا مشکوک اکاؤنٹس سے رابطے کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ممکنہ دھوکہ دہی یا خطرناک صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related Posts