سچ میں قدرت کا معجزہ ہے! کان کے ملبے میں دبا عبدالوھاب 16 دن بعد زندہ ریسکیو

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایک ماربل کان حادثے کے بعد ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جس نے سب کو چونکا دیا۔ ملبے تلے دب کر لاپتہ ہونے والا ایک کان کن 16 دن بعد زندہ حالت میں مل گیا جسے اہلکار اور مقامی لوگ ایک معجزہ قرار دے رہے ہیں۔

یہ افسوسناک حادثہ 31 مارچ کو پیش آیا تھا جس میں آٹھ مزدور جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے تھے اور ایک مزدور لاپتہ ہو گیا تھا جس کی تلاش مسلسل جاری تھی۔

تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 نے جمعرات کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل رستم کے علاقے ڈرانگ میں کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ کان کن عبدالوھاب کو زندہ حالت میں سرنگ کے اندر سے نکال لیا۔

ریسکیو 1122 مردان کے میڈیا کوآرڈینیٹر سید عباس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو طویل اور مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے سے باہر نکالا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی طور پر ایک جاں بحق شخص کی شناخت بھی عبدالوھاب کے نام سے کی گئی تھی جو مہمند کا رہائشی بتایا گیا تھا جس کے باعث شناخت کے حوالے سے ابہام پیدا ہوا ہے۔

سید عباس کے مطابق خدشہ ہے کہ حادثے میں ایک اور کان کن خیبر بھی جاں بحق افراد میں شامل ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو کیے گئے مزدور کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ڈپٹی کمشنر مردان اور ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے واقعے کی مکمل تحقیقات اور متاثرہ افراد کی درست شناخت کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Related Posts