باکس آفس پر دو ایکشن فلموں کا ٹکراؤ؛ رجنی کانت نے ہریتک روشن کو پیچھے چھوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ان لائن)

بھارتی سینما کے شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز مقابلہ شروع ہونے والا ہے کیونکہ دو بڑی ایکشن تھرلر فلمیں باکس آفس پر آمنے سامنے ہوں گی۔ تامل کرائم ڈرامہ فلم کولی میں سپر اسٹار رجنی کانت، ناگرجنا اور عامر خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ جاسوسی تھرلر وار 2 میں ہریتک روشن، کیارا ایڈوانی، اور جونیئر این ٹی آر جلوہ گر ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رجنی کانت کی فلم کولی کی ایڈوانس بکنگ وار 2 کے مقابلے میں کہیں زیادہ شاندار ہے۔ بھارت میں کولی کی ایڈوانس بکنگ نے 16.15 کروڑ روپے کی شاندار کمائی کی ہے جبکہ وار 2 کی ایڈوانس فروخت فی الحال صرف 1.22 کروڑ روپے تک محدود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وار 2 کی یہ بکنگ وائی آر ایف اسپائی یونیورس کی پچھلی فلموں وار، پٹھان اور منیش شرما کی ٹائیگر 3 کے مقابلے میں بھی کم ہے اور موجودہ بلاک بسٹر رومانوی فلم سیارا کے مقابلے میں بھی پیچھے ہے۔ حیران کن طور پر تیلگو سپر اسٹار جونیئر این ٹی آر وار 2 میں مرکزی ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کولی کی ہندی بکنگ تیلگو سیگمنٹ کے 4 لاکھ روپے سے بھی کہیں زیادہ ہے اور کافی متاثر کن ہے۔

بھارتی میڈیا کا خیال ہے کہ کولی کو پروڈکشن ہاؤس سن پکچرز کی مضبوط حمایت حاصل ہے۔ یہ رجنی کانت کی 171ویں فلم ہے جو ان کے فلمی کیریئر کے 50ویں سال کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے۔ ہریتک روشن بالی ووڈ کے ایک بڑے نام ہیں لیکن رجنی کانت کی سٹار پاور اب بھی سب پر حاوی ہے جو جونیئر این ٹی آر اور دیگر ستاروں کی کشش کو بھی پیچھے چھوڑ رہی ہے۔

میڈیا کے مطابق ایڈوانس بکنگ کسی فلم کی ابتدائی باکس آفس کارکردگی کا اندازہ تو لگا سکتی ہے، لیکن یہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتی کہ فلم ہٹ ہوگی یا فلاپ۔ یہ مقابلہ کس فلم کے حق میں جاتا ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

Related Posts