کراچی: گلستانِ جوہر کے علاقے بلاک 9، مگسی چوک کے قریب زیر تعمیر عمارت کی بنیاد کے لیے کھودے گئے گڑھے میں بارش کا پانی بھر جانے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق تین بچے نہانے کے لیے گڑھے میں اترے تھے تاہم دو بچے ڈوب گئے جبکہ ایک بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دادو کے قریب دُدو کلہوڑو کے کچ علاقے میں بھی اسی نوعیت کا سانحہ پیش آیا تھا، جہاں تین بہنیں سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی تھیں۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ امنہ، 13 سالہ زبیرا اور 12 سالہ حمیران میں سے پہلے ایک بہن پانی میں ڈوبی جبکہ دیگر دو نے اسے بچانے کی کوشش کی مگر خود بھی لقمۂ اجل بن گئیں۔ مقامی غوطہ خوروں نے تینوں کی لاشیں نکال کر ورثا کے حوالے کیں۔
یہ واقعات شہری انتظامیہ اور حکام کی غفلت کو بے نقاب کرتے ہیں، جو نہ تو حفاظتی اقدامات کو یقینی بناتے ہیں اور نہ ہی بارش یا سیلابی پانی کے بعد خطرناک مقامات کو عوام کے لیے بند کرتے ہیں جس کے باعث معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








