کراچی: عالمی شہرت یافتہ بزنس میگزین فوربز نے اپنی سالانہ فہرست ’ایشیا 100 ٹو واچ 2025‘ میں پاکستان کی دو تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنیوں کو شامل کیا ہے، یہ فہرست ان کاروباری اداروں کو اجاگر کرتی ہے جو جدت، کارکردگی اور مستقبل میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فوربز کے مطابق پاکستان کی دو نمایاں کمپنیوں حبال اور پوسٹ ایکس نے اس سال کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ ان دونوں اداروں کو ان کی اختراعی خدمات، شاندار کارکردگی اور اپنے اپنے شعبے میں بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کی بنیاد پر یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
حبال جس کی بنیاد 2017 میں رکھی گئی، کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے جدید حل اور شریعت کے مطابق فنانسنگ فراہم کرتی ہے۔
کمپنی انوائس مینجمنٹ، ٹیکس سلوشنز اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے ورکنگ کیپٹل سہولیات بھی مہیا کرتی ہے۔
اب تک حبال کے پلیٹ فارم سے 3 ارب امریکی ڈالر سے زائد کے لین دین ہو چکے ہیں۔ رواں سال اپریل میں کمپنی نے 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی حاصل کی، جس میں پاکستان کا سب سے بڑا اسلامی بینک، میزان بینک بھی شامل ہے۔
پوسٹ ایکس، جو 2020 میں قائم ہوئی، نے کم وقت میں ای کامرس لاجسٹکس کے شعبے میں اپنی شناخت قائم کی۔ یہ کمپنی نہ صرف ترسیلات کی سہولت دیتی ہے بلکہ تاجروں کو کیش آن ڈیلیوری کے تحت فوری ادائیگی بھی یقینی بناتی ہے۔
2022 میں پوسٹ ایکس نے کال کورئیر کو خرید کر اپنے نیٹ ورک کو وسعت دی اور اب یہ 500 سے زائد شہروں میں فعال ہے۔ اب تک یہ کمپنی 70 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کر چکی ہے اور مشرق وسطیٰ میں اپنی خدمات شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
ان دونوں کمپنیوں کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس صرف مقامی سطح پر ہی نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنی مضبوط موجودگی درج کروا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کے ٹیکنالوجی اور کاروباری منظرنامے کے لیے نہایت حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








