اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کسی سے مذاکرات نہیں کررہی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں الیکشن کرائے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنما عمر ایوب خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملک میں عام انتخابات ہمارا واحد مطالبہ ہے، کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔ جو ایکٹ منظور کیا گیا ہے، وہ مکمل طور پر غلط اور منفی ہے۔
گفتگو کے دوران عمر ایوب خان نے کہا کہ جس ایکٹ کو منظور کیا گیا، وہ پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی بھونڈی کوشش ہے۔ تحریکِ انصاف اس ایکٹ کو ہر جگہ چیلنج کرے گی۔ یہ قانون اور آئین کے مکمل طور پر منافی ایکٹ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت صوابی کا جلسہ سب نے دیکھا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی آئی کا چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ معیشت کا طالبِ علم ہونے کے ناطے کہہ سکتا ہوں کہ بجٹ عوام دشمن ہے۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ بجٹ کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ملک میں نئے الیکشن کی طاقت موجود ہے۔ شہباز شریف اور مریم نواز کہاں بھاگیں گے؟ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بھارت چلی گئی تھیں، یہاں سے ہیلی کاپٹر جانے والا نہیں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








