اقوام متحدہ کی افغانستان کیلئے امداد

تازہ ترین

تازہ ترین

اقوام متحدہ نے انسانی تباہی سے بچنے کے لیے افغانستان کی مدد کے لیے 5 بلین ڈالر کی ریکارڈ اپیل کی ہے کیونکہ جنگ سے تباہ حال ملک اب بھی امریکی انخلا اور طالبان کے قبضے کے اثرات سے دوچار ہے۔

یہ اپیل کسی ایک ملک کے لیے اب تک کی سب سے بڑی اپیل ہے اور افغانستان کی جی ڈی پی کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔ لگ بھگ 23 ملین افراد یعنی ملک کی نصف سے زیادہ آبادی کو شدید بھوک کا سامنا ہے اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔ 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 10 لاکھ بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر انہیں مدد نہ ملی۔

اس اپیل میں 4اعشاریہ 4 بلین ڈالر کی انسانی امداد کے علاوہ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے لیے مزید 623 ملین ڈالر کی امداد مانگی گئی ہے تاکہ بیرون ملک فرار ہونے والے 60 لاکھ سے زیادہ افغانوں کی مدد کی جا سکے ۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ امداد کی اپیل ایک ا سٹاپ گیپ اقدام ہے کیونکہ ضرورت کا پیمانہ پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور اگر ناکافی کارروائی کی گئی تو وہ اگلے سال 10 بلین ڈالر کی امداد لینے پر مجبور ہوں گے۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا بین الاقوامی برادری افغانستان کے مستقبل کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ فنڈنگ ​​کا استعمال طالبان کی اقتدار پر گرفت مضبوط کرنے کے لیے نہ کیا جائے ۔

طالبان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سختی سے حکومت کی ہے اور ایک جامع حکومت اور انسانی حقوق کا احترام کرنے کے مطالبات پورے نہیں کیے ۔ خواتین کو تعلیم حاصل کرنے یا عوامی سطح پر کوئی فعال کردار ادا کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کا اصرار ہے کہ فنڈز طالبان کی جیبیں بھرنے کے بجائے براہ راست عام افغانوں کو جائیں گے۔تاہم طالبان افغان امداد کی تقسیم میں زیادہ کردار کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اربوں ڈالر کی امداد کو مربوط کرنے کے لیے غیر ملکی نمائندوں کے ساتھ اپنے حکام کی ایک مشترکہ باڈی کی تجویز پیش کی ہے۔ عالمی برادری امداد میں اضافہ کر رہی ہے لیکن اصرار کرتی ہے کہ اسے طالبان کی مداخلت سے پاک ہونا چاہیے۔

پاکستان نے پڑوسی ملک میںانسانی المیہ سے بچنے کیلئے فنڈنگ ​​کے وعدے کا خیرمقدم کیاکیونکہ افغانستان میں انسانی بحران کے سب سے زیادہ اثرات پاکستان پر رونما ہونگے اور پاکستان اس وقت کسی بھی صورت مزید افغان پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

Related Posts