اقوام متحدہ نے خصوصی ایلچی سوڈان بھیجنے کا اعلان کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوٹیرس کے ترجمان نے کہا ہے کہ غیر معمولی حالات کے دوران اقوام متحدہ کے ایلچی کو سوڈان بھیجا جارہا ہے۔

سوڈان میں 15 اپریل سے شروع ہونے والی لڑائی تیسرے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب خرطوم میں فوج اور بھاری ہتھیاروں سے لیس نیم فوجی دستے لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جنگ بندی میں 72 گھنٹے کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اس جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی ساتھ ساتھ جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستانی باکسر تیمور خان نے WBCایشیا ہیوی ویٹ بیلٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اقوام متحدہ کے ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس ایلچی کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ مارٹن گریفتھس نے اتوار کو ایک الگ بیان میں کہا کہ سوڈان میں انسانی ہمدردی کی صورت حال نازک موڑ پر پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ جاننے کے لیے خطے میں جا رہا ہوں کہ ہم ان لاکھوں لوگوں کو فوری ریلیف کیسے پہنچا سکتے ہیں جن کی زندگیاں راتوں رات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا سوڈان میں انسانی ہمدردی کی کارروائیوں سے متعلق دفاتر اور گوداموں میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی گئی۔ اس لوٹ مار نے ہماری زیادہ تر سپلائیز کو ختم کر دیا تھا۔ اب ہم اضافی سامان لانے اور تقسیم کرنے کے فوری طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واضح حل یہ ہوگا کہ لڑائی روک دی جائے۔

سوڈان میں جاری لڑائی میں اب تک 500 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ دسیوں ہزار افراد ملک کے اندر یا بیرون ملک محفوظ مقامات پر جانے پر مجبور ہیں۔ سوڈان میں تیزی سے بگڑتے ہوئے انسانی بحران کی روشنی میں ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں گریفتھس کی تعیناتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یو این ایلچی فوری طور پر خطے کا سفر کریں گے۔

گریفتھس نے کہا ہے کہ سوڈان میں خاندان پانی، خوراک، ایندھن اور دیگر اجناس تک رسائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں سے نقل و حمل کے اخراجات کی وجہ سے نقل مکانی کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

Related Posts