سندھ حکومت اور میئر کراچی کی نااہلی کی وجہ سے شہر ڈوب چکا ہے: حلیم عادل شیخ

تازہ ترین

تازہ ترین

Urban flooding grips Karachi as govt, mayor ‘fail to act’: Haleem Adil Sheikh
ONLINE

کراچی: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے شہر میں مسلسل بارشوں کے باعث شہر بھر میں اربن فلڈنگ کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی نااہلی کی وجہ سے شہر ڈوب چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گڈاپ میں سیلابی ریلوں نے درجنوں علاقے ڈبو دیے، جبکہ تھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے بعد اس کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

سہراب گوٹھ سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے اور ایم نائن پر پانی آنے کے باعث ٹریفک کئی گھنٹوں تک مکمل طور پر معطل رہا۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی تھی لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت نے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

اگر بارشوں کا سلسلہ اسی شدت سے جاری رہا تو ایک بڑا المیہ جنم لے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء اور مشیر غائب ہیں جبکہ عوام کو مشکل میں لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سعدی ٹاؤن، سپر ہائی وے اور ملحقہ آبادیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، سعدی ٹاؤن، ملیر کینٹ، میمن گوٹھ اور ایئرپورٹ روڈ سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ضلع ملیر کے ساتھ ساتھ ضلع سینٹرل، ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ، کیماڑی اور کورنگی کے کئی علاقے بھی زیر آب آچکے ہیں لیکن حکومتی مشینری اور ریسکیو ٹیمیں کہیں نظر نہیں آرہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ مسلسل یہ تاثر دیتے رہے کہ سب کچھ کنٹرول میں ہے، لیکن بارشوں کے بعد شہر کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔

حلیم عادل شیخ نے کے الیکٹرک پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ اس کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی ہے کیونکہ چوبیس گھنٹوں سے کئی علاقوں کی بجلی بحال نہیں ہوئی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے پارٹی ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو اس مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

Related Posts