امریکی فضائیہ نے اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر چلائے جانے والے ایک جدید راکٹ کارگو تجربے کو ماحولیاتی تحفظ کے خدشات کے باعث وقتی طور پر روک دیا ہے۔ یہ پروجیکٹ جانسٹن ایٹول میں ہائپرسونک راکٹ کے ذریعے بڑے کارگو کو جلد ترسیل کرنے کا مقصد رکھتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق یہ تجرباتی منصوبہ جانسٹن ایٹول نامی چھوٹے جزیرے پر کیا جانا تھا، جہاں ہائپرسونک راکٹ کے ذریعے 100 ٹن تک سامان 90 منٹ میں زمین کے کسی بھی مقام تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا تھا تاہم اس علاقے میں موجود 14 نایاب اقسام کے پرندوں کی افزائش اور محفوظ رہائش کو ممکنہ خطرات لاحق ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا کہ راکٹ کی آواز، زلزلہ نما ارتعاش اور تعمیراتی سرگرمیوں سے ان پرندوں کی نیسٹنگ متاثر ہو سکتی ہے، جس سے قدرتی ماحولیاتی توازن بگڑنے کا اندیشہ ہے۔
فضائیہ کی جانب سے ایک ابتدائی ماحولیاتی رپورٹ کی تیاری کا عندیہ دیا گیا تھا مگر اس کی اشاعت سے پہلے ہی ماحول دوست تنظیموں نے مخالفت شروع کر دی۔ اس مخالفت میں شدت اُس وقت آئی جب ایک آن لائن پٹیشن پر 3,800 سے زائد دستخط جمع ہو گئے۔
امریکی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اب متبادل مقامات کی تلاش میں ہے، جہاں یہ منصوبہ نہ صرف تکنیکی طور پر ممکن ہو بلکہ ماحولیاتی طور پر بھی محفوظ رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے مقام کے انتخاب اور ماحولیاتی جائزے کی منظوری کے بعد ہی تجربات کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
اس منصوبے کا مقصد مستقبل میں ہنگامی حالات یا فوجی ضروریات کے لیے انتہائی تیز رفتار اور مؤثر لاجسٹک سسٹم تیار کرنا ہے، جو عالمی سطح پر امریکی دفاعی نظام میں ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہو سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








