امریکی فوج نے وینزویلا کو حملوں کا نشانہ بنایا اور صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرلیا، جبکہ وینزویلا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے حکم پر کیے گئے حملوں میں فوجیوں سمیت 40افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آگاہ کیا کہ ہلاک شہریوں میں فوجی اہلکار اور عام شہری دونوں شامل ہیں جبکہ حملوں کا آغاز صبح کے وقت ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق وینزویلو کے حکام نے ہلاکتوں کی یہ تعداد حملوں کے بعد بتائی۔ امریکا کی ڈونلڈ ٹرمپ حکومت نے حملوں میں ہلاکت کے اعدادوشمار کی تصدیق تاحال نہیں کی اور کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ اس حوالے سے بھی کوئی واضح بیان سامنے نہیں آسکا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آپریشن وینزویلا کے دوران کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، تاہم کچھ زخمی ضرور ہوئے ہیں۔ خصوصی دستوں نے نکولس مادورو کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ایک ہیلی کاپٹر پر فائرنگ بھی کی۔
امریکی صدر نے کہا کہ تمام امریکی افواج ونزویلا کے صدر نکولس مادورو کو لے کر بحفاظت لوٹ آئی ہیں۔ امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف چیئرمین جنرل ڈین کین نے کہا کہ یہ آپریشن مادورو اور ان کی اہلیہ کو زندہ پکڑنے کیلئے کیا گیا جس میں 150 سے زائد امریکی طیاروں نے حصہ لیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








