امریکہ نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر قطر کے العدد ایئر بیس میں اپنے دفاعی نظام پیٹریاٹ میزائلز کو متحرک لانچرز پر منتقل کر دیا ہے۔
سیٹلائٹ امیجز کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ پیٹریاٹ میزائل سسٹمز کو روایتی نیم‑مستقل لانچر اسٹیشنوں کے بجائے M983 ہیوی ایکسپینڈڈ موبلٹی ٹیکٹیکل ٹرکس (HEMTT) پر نصب کیا گیا ہے جس سے انہیں تیزی سے حرکت دینے، چھپانے یا مختلف پوزیشنز پر تعینات کرنے کی صلاحیت حاصل ہو گئی ہے۔
یہ اقدام ایران سے ممکنہ خطرات اور بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے جس کے باعث امریکی فوجی فول پروف دفاعی تیاری اختیار کر رہے ہیں۔ امریکی دفاعی حلقوں کا کہنا ہے کہ متحرک لانچرز کی موجودگی سے میزائل نظام کو فوری طور پر متحرک یا محفوظ پوزیشن پر منتقل کیا جا سکتا ہے خاص طور پر اگر ایران کی جانب سے کوئی فوجی کارروائی ہو۔
سیٹلائٹ تصاویر کے موازنہ سے جنوری کے مقابلے میں فروری کے شروع میں العدد ایئر بیس پر امریکی جنگی طیاروں اور دیگر عسکری سازوسامان کی موجودگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں متعدد دفاعی بیڑے اور نظام شامل ہیں۔
العدد ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے جہاں سے متعدد فضائی اور دفاعی آپریشنز کنٹرول کیے جاتے ہیں۔ پیٹریاٹ میزائل سسٹمز کو متحرک لانچرز پر منتقل کرنا اس بات کی علامت ہے کہ ممکنہ خطرات کے خلاف تیاری اور ردعمل کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بیلسٹک اور جوہری پروگراموں، مشرق وسطیٰ میں اتحادی گروہوں کی حمایت، اور اندرونی مخالفتوں کے ردعمل میں سخت موقف اختیار کیا ہے اگرچہ جنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے بات چیت بھی جاری ہے۔
ایران نے ماضی میں انتباہ کیا ہے کہ اگر اس کی سرزمین پر کوئی حملہ ہوا تو وہ کسی بھی امریکی اڈے کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے جس نے علاقے میں فوجی اور دفاعی کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








