پاکستان کے نامور کامیڈین لکی ڈئیر طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے،مرحوم کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق 60 سالہ فنکار گزشتہ کئی ماہ سے میو اسپتال میں پھیپھڑوں کے عارضے اور ذیابیطس کے باعث زیر علاج تھے تاہم گزشتہ دنوں ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔
لکی ڈئیر نے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں چار دہائیوں سے زائد عرصہ گزارا اور تھیٹر، ٹیلی وژن اور فلم میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔
ان کی تیز طرار مزاحیہ ادائیگی، برجستہ جملے اور بے مثال ٹائمنگ نے انہیں گھر گھر کا مقبول نام بنا دیا۔ ان کے فن سے متاثر ہو کر کئی نوجوان اداکاروں نے اس میدان میں قدم رکھا۔
انہوں نے سیکڑوں اسٹیج ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے شائقین کو محظوظ کیا۔ لاہور کے تھیٹر سین سے ان کا گہرا تعلق رہا اور ان کی خدمات آج بھی ساتھی فنکار اور مداح عقیدت و محبت سے یاد کر رہے ہیں۔
لکی ڈئیر کے انتقال پر شوبز برادری اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ساتھی اداکاروں اور کامیڈینز نے انہیں اسٹیج کامیڈی کا لیجنڈ قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنی زندگی دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے وقف کر گئے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کی جائے گی جس میں ساتھی فنکاروں، مداحوں اور اہلِ خانہ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








