اسپین میں فلسطین کاز کے ہزاروں حامی مظاہرین نے اسرائیل کی حمایت کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے تجارتی مراکز پر دھاوا بول دیا اور ان کمپنیوں کے خلاف زبردست احتجاج اور غم و غصے کا اظہار کیا۔
یہ مظاہرے اس وقت پھوٹے جب صمود فلوٹیلا کے قیدیوں نے اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد تصدیق کی کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کے سامنے کوکا کولا اور میکڈونلڈز جیسی مصنوعات پیش کر کے عالمی بائیکاٹ کی کوششوں کا مذاق اڑایا۔
عالمی ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپین میں مظاہرین اسرائیل کے حامی بین الاقوامی برانڈز کے مقامی تجارتی مراکز پر جا بجا حملے کر رہے ہیں اور توڑ پھوڑ میں مصروف ہیں۔
مظاہرین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کریں اور مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
ہسپانوی حکام کے مطابق صورتِ حال اب بھی کشیدہ ہے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپین کی حکومت بھی کھل کر فلسطین کاز کی حمایت کر رہی ہے، جبکہ عوام میں اسرائیل کی مخالفت اور فلسطین کی حمایت جنون کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ صمود فلوٹیلا میں بھی سب سے زیادہ 65 کارکنوں کا تعلق اسپین سے تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








