بنگلادیش کے علاقے پیروج پور میں ایک مدرسے کے استاد کو جنسی زیادتی کے سنگین الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق توگرہ دارالاسلام کامل مدرسے کی انتظامیہ نے شکایات سامنے آنے پر فوری طور پر انکوائری کا آغاز کیا، جس کے بعد ابتدائی تحقیقات میں الزامات کو درست پایا گیا۔
مدرسے کے پرنسپل کے مطابق 46 سالہ استاد کوثر حسین کے خلاف بچوں کے ساتھ بدفعلی کے شواہد سامنے آنے پر انتظامی کمیٹی نے انہیں معطل کر دیا ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے اسلامک یونیورسٹی اتھارٹی کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ سال کے آخر میں پیش آیا تھا جب ایک طالبعلم نے نجی اسباق کے دوران مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا۔ بعد ازاں اس معاملے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔
مدرسے کی جانب سے تشکیل دی گئی تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق ابتدائی شواہد سے غلط کاری کے اشارے ملے ہیں، جبکہ بعض دیگر طلبہ نے بھی اسی نوعیت کے واقعات کی تصدیق کی ہے۔
ادھر ملزم استاد دسمبر کے بعد سے مدرسے سے غائب ہیں اور ان سے رابطہ بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ حکام کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور حتمی فیصلہ متعلقہ تعلیمی و مذہبی اتھارٹی کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








