سٹی کورٹ کراچی میں وکلا کے یونیفارم پہنے ہوئے مشتعل افراد نے یوٹیوبر رجب بٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا جب آج سٹی کورٹ کراچی میں پیش ہوئے اس دوران وہ کراچی سٹی کورٹ احاطے میں مبینہ طور پر ایک وکلا گروپ کے حملے اور تشدد کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق رجب بٹ اپنے خلاف درج مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے پیر کو عدالت میں پیش ہوئے، جیسے ہی وہ عدالت کے احاطے میں داخل ہوئے، وکلا کے ایک گروپ نے ان پر حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ رجب بٹ پر جسمانی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے جبڑے اور منہ پر زخم آئے اور خون بہنے لگا جبکہ کپڑے پھاڑ دیے گئے، رجب بٹ کے وکلا کی بیچ بچاؤ کی کوشش ناکام رہی۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر عدالتی عملہ اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور حملہ آوروں کو منتشر کرنے میں کامیاب ہو گئے، اس سے قبل رجب بٹ کیخلاف حیدری تھانے میں توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، یوٹیوبر نے مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کررکھی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








