ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے خطرناک ملزم طاہر نوید عرف پولکا کو قانون نافز کرنے والے اداروں نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم قتل اور اغوا جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھا جسے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور جیل پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب حراست میں لیا۔ ملزم کی شناخت موقعے پر موجود جیل پولیس اہلکاروں نے کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طاہر عرف پولکا رواں ماہ 9 مئی کو ملیر جیل سے فرار ہوا جس کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں مقدمات بھی درج تھے۔ملزم طاہر نوید عرف پولکا کا نام سینئر صحافی شہید ولی بابر کے قتل کیس کے دوران بھی سامنے آیا تھا۔
حکام کا ماننا ہے کہ ملزم 9 مئی کو جیل میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران مہمانوں کی آڑ لے کر فرار ہوگیا تھا۔ مشترکہ کارروائی کے بعد پولیس کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
ملزم کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری کہا کہ قانون سے فرار ممکن نہیں۔ ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں اور مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








