میلبرن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کیلئے پوری ٹیم پُرجوش ہے۔
میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس ورلڈ کپ کو 1992 کے ورلڈ کپ سے مماثلت دی جارہی ہے، ہم نروس نہیں ہیں، پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے کہ دباؤ نہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کیلئے ایکسائٹڈ ہیں، انگلینڈ کی ٹیم بہترین ٹیم ہے، ہماری ان سے ہوم سیریز بھی ہوئی، ہم فائنل میں سو فیصد دیں گے۔
ٹی 20 ورلڈکپ فائنل، لاہور میں پاکستان کی سب سے بڑی اسکرین لگائی جائے گی
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں ہوا لیکن پھر ہم نے اچھا کم بیک کیا، تمام کھلاڑی شیروں کی طرح کھیلے۔
فائنل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ابتدائی 6 اوور بہت اہم ہیں، ہمارا یقین اللہ پر ہے اور پورا بھروسہ بھی ہے، ہمارا کام محنت کرنا ہے نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کے سوال پر کپتان نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خوشگوار رہی، انہوں نے یہی کہا کہ کھل کر کھیلیں، اپنے گیم پر قائم رہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ٹاس کی اہمیت زیادہ نہیں ہے، موسم تو ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن دعا ہے کہ میچ مکمل ہو اور بارش سے متاثر نہ ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








